آٹےکی سرکاری نرخوں پرفراہمی، حکومت اور فلورملز میں معاہدہ طے

پنجاب میں آٹے کی فراہمی کے حوالے سے حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ معاہدے کے تحت فلور ملز 10 کلو اور 20 کلو کے آٹے کے تھیلے سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں فراہم کریں گی۔
ذرائع کے مطابق فلور ملز مالکان نے محدود پیمانے پر آٹے کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد صوبے بھر کی 800 سے زائد فلور ملزدوبارہ کام شروع کردیں گی۔
معاہدے کے تحت فلور ملز 10 کلو اور 20 کلو کے آٹے کے تھیلے سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں فراہم کریں گی، جب کہ پنجاب حکومت انہیں ہر ماہ ایک لاکھ ٹن گندم فراہم کرے گی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دو بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے 25 لاکھ بوریاں گندم 3000 روپے فی من کے حساب سے فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ان کمپنیوں کے نمائندگان ڈائریکٹر جنرل فوڈ سے ملاقات کریں گے، جس میں گندم کی مقدار اور ترسیل کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔
