عالیہ بھٹ عالمی فیشن برانڈ گوچی کی پہلی انڈین برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کا جادو بھارت میں ہی نہیں پوری دنیا میں سر چڑھ کر بول رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی اداکاراؤں کو عالمی میڈیا ہی نہیں فیشن انڈسٹری کے کرتا دھرتا بھی ہاتھوں ہاتھ لیتے ہیں۔ وہ دیپیکا پڈوکون ہوں، پریانیکا چوپڑا ہوں یا پھر ابھرتی ہوئی سپر سٹار عالیہ بھٹ۔۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عالیہ نے اپنی بےساختہ اور دلکش پرفارمنس کے ذریعے خود کو منوانے میں بہت کم وقت لیا ہے اور ا ب تو وہ عالمی سطح پر بھی سراہی جا رہی ہیں۔ جی ہاں، عالیہ پہلی بھارتی خاتون ہیں جنھیں اٹلی کے لگژری برانڈ گوچی GUCCI کی ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اداکارہ پریانیکا چوپڑا کو جیولری کے ایک عالمی برانڈ بلگاری BVLGAURIنے 2021 میں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے منتخب کیا تھا جبکہ لالی ووڈ دیوا دیپیکا پڈوکون کی عالمی سطح پر پذیرائی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دیپیکا فیشن کو دنیا کے بہترین برانڈ لوئی وٹان LOUIS VUITTON اور جیولری کے مشہور برانڈ کارٹیئر CARTTIER نے اپنی ایمبیسیڈر مقرر کیا تھا۔ ہاؤس آف گوچی کا حصہ بننے پر عالیہ بے حد خوش ہیں کیونکہ وہ سٹائلش کہلوانا اور نظر آنا پسند کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں یہ آسان نہیں لیکن جب انھیں سٹائلش مانا جاتا ہے تو وہ دل ہی دل میں بہت خوش ہوتی ہیں۔ عالیہ اسی سال ”گوچی کروز“ اور سیئول میں منعقدہ شو کا حصہ بننے جا رہی ہیں جہاں وہ دنیا کے بہترین ماڈلز کے ساتھ پرفارم کریں گی۔ فلمی اداکارہ اور پروڈیوسر عالیہ بھٹ اپنے اس نئے پراجیکٹ کو انسٹا گرام پر اپنے فینز کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بہت پرجوش تھیں۔
برطانوی شہریت کی حامل تیس سالہ عالیہ بھارت کے نامور فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی چھوٹی بیٹی ہیں۔ اگرچہ انھوں نے 6 سال کی عمر میں ہی کیمرے کو بچھاڑ دیا تھا جب انھوں نے فلم ”سنگھرش“ میں اکشے کمار اور پریتی زنٹا کے ہمراہ ایک چھوٹی سی بچی کا کردار انتہائی خوبصورتی سے نبھایا تھا تاہم ان کی ڈیبیو فلم کرن جوہر کی ” سٹوڈنٹ آف دی ایئر ہے۔ عالیہ اداکارہ ہی نہیں، گلوکارہ بھی ہیں۔۔اسی حولے سے ایک سنگر اور ڈانسر کے کردار پر مبنی فلم ”گنگو بائی کاٹھیواری“ کا شمار عالیہ کی کلاسیک فلموں میں ہوتا ہے۔
بالی ووڈ کی دیگر حسیناؤں کی طرح عالیہ کے بھی کئی افیئرز منظر عام پر آئے مگر شادی کے لئے قرعہ اداکار رنبھیر کپور کے نام نکلا جو رشی کپور اور نیتو سنگھ کے بیٹے ہیں یعنی اداکاری کے جراثیم انھیں ورثے میں ملے ہیں۔ رنبھیر سے ان کی شادی اپریل 2022 میں ہوئی اور اب عالیہ ایک کیوٹ سی بیٹی کی ماما بھی ہیں۔

Back to top button