لانگ مارچ،پشاور، اسلام آباد موٹروے کل رات بند کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر پشاور سےاسلام آباد جانے والی موٹروے ایم ون کو کل رات 11 بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق23 ستمبر 2026 کو رات 11 بجے سے ایم ون موٹروے بند رہے گی، جس کے باعث جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے پشاور موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے اور غیر ضروری سفر مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ایم ٹو موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔

پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

پارٹی قیادت نے احتجاجی مارچ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلوں کے حوالے سے مختلف حکمت عملی زیر غور ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کے مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت مارچ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیاسی جماعتوں کو سڑکوں، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر قبضہ کرنے یا شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کا قانونی حق نہ ہونے سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی کے باعث موٹروے کی بندش کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

 

Back to top button