یوم عاشور صبر، قربانی اور سچ پرقائم رہنے کا سبق دیتا ہے: صدر، وزیراعظم

یومِ عاشور کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ حق، انصاف، صبر، برداشت، اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک دائمی پیغام اور زندہ درسگاہ ہے، جو ہر دور میں حق و باطل کے درمیان فرق واضح کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن، رواداری، احترام اور بھائی چارے کی فضا کو مزید فروغ دیا جائے اور افواہوں، اشتعال انگیز رویوں اور فرقہ وارانہ نفرت سے مکمل اجتناب کیا جائے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور استحکام کو فروغ مل سکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم، فکر انگیز اور سبق آموز دن ہے، جو ایمان، صبر، استقامت، ایثار اور اصلاحِ معاشرہ کے بے مثال اسباق سے روشناس کراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی نے ثابت کیا کہ حق، عدل، انسانی وقار اور اعلیٰ اقدار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینا ظلم اور باطل کے سامنے جھکنے سے بہتر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں عدل و انصاف، صبر و برداشت، ذمہ داری، باہمی احترام، رواداری اور اصولوں کی پاسداری کا درس دیتا ہے، کیونکہ یہی اقدار ایک مہذب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلافات، نفرت اور انتشار کے بجائے احترام، اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے علماء، مشائخ، ذاکرین، میڈیا اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو عام کریں، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں اور نفرت و اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور حق، صداقت، صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا نے میدانِ کربلا میں عظیم قربانیاں دے کر دینِ اسلام، انسانی وقار اور عدل و انصاف کے اصولوں کا تحفظ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں معاشرے میں رواداری، امن، انصاف، اخوت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیاں پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور قوم کو اپنے کردار و عمل میں انہی اعلیٰ اقدار کو اپنانا چاہیے جن کے لیے اہلِ بیتؓ نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔

Back to top button