ایشیا کپ ٹرافی تنازع: بھارتی بورڈ کا معاملہ ICC میں لے جانے کا اعلان

بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی سے متعلق تنازع کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا کے مطابق یہ معاملہ آئی سی سی کے نومبر میں ہونے والے اجلاس میں باقاعدہ طور پر اٹھایا جائے گا، جو دبئی میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے ٹورنامنٹ کی اصل ٹرافی اور میڈلز بھارتی ٹیم کو دینے کے بجائے واپس لے جانا، کرکٹ کے وقار کے منافی ہے۔
سائیکیا نے کہا:
"ہم نے محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ خود کیا، کیونکہ وہ پاکستان حکومت کے مرکزی لیڈر ہیں۔ مگر ہم توقع کرتے ہیں کہ ٹرافی اور میڈلز ہمیں جلد واپس کیے جائیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی نے ہمیشہ حکومت کی پالیسی پر عمل کیا ہے، اور ایشیا کپ ایک ملٹی نیشنل ایونٹ ہے، باہمی سیریز نہیں۔ انہوں نے فائنل کے بعد کی صورتحال کو "نامناسب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کو ہرانا ہماری ٹیم کے لیے قابل فخر لمحہ تھا۔”
انہوں نے پاکستان کی طرف سے "0-6” اسکور لائن کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "0-3 کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، جو بھارت کے حق میں رہا۔”
اعزازات اور انعامات:
سیکریٹری بی سی سی آئی نے اعلان کیا کہ بھارتی اسکواڈ کو 21 کروڑ روپے بطور انعام دیے جائیں گے، جو ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دینے اور ٹائٹل جیتنے پر دیے جا رہے ہیں۔
