اداکارہ امبر ہرڈ نے بالآخر سابق شوہر کے سامنے ہتھیار ڈال دیے

ہالی ووڈ اداکارہ امبر ہرڈ نے بالآخر اپنے سابق شوہر سپر سٹار جانی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کے دعوے میں ہتھیار ڈالتے ہوئے صلح کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امبر ہرڈ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے جانی ڈیپ کے ساتھ لاکھوں ڈالر ہرجانے کے کیس میں تصفیے کا فیصلہ کیا ہے، اداکارہ نے پوسٹ میں لکھا کہ میں اپنی اپیل واپس لے رہی ہوں اور کیس کا تصفیہ چاہتی ہوں کیونکہ میں ایک اور ٹرائل کا سامنا نہیں کرنا چاہتی۔ امبر نے لکھا کہ ’کافی مشاورت کرنے کے بعد میں نے تصفیہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے، میں نے یہ فیصلہ امریکی عدالتی نظام پر بداعتمادی کے بعد کیا ہے، انہوں نے لکھا کہ میں یہ بتانا ضروری سمجھتی ہوں کہ میں ایسا نہیں کرنا چاہتی تھی۔ میں نے اپنا دفاع کیا لیکن ایسا کرنے میں میری زندگی متاثر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ امبر ہرڈ کی جانب سے 2018 میں اپنے خلاف واشنگٹن پوسٹ میں ایک آرٹیکل لکھنے پر جانی ڈیپ نے ان پر پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔ امبر ہرڈ نے اس آرٹیکل میں خود کو گھریلو تشدد کا شکار قرار دیتے ہوئے جانی ڈیپ پر 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم امبر ہرڈ جانی ڈیپ پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کر سکی تھیں جس پر ورجینیا کی عدالت نے ایمبر ہرڈ کو جانی ڈیپ کو ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جبکہ جونی ڈیپ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا کہا گیا تھا۔
لیکن امبر ہرڈ کے وکلا کا کہنا تھا کہ اداکارہ 10 کروڑ ڈالر ہرجانہ ادا نہیں کر سکتیں چنانچہ انہوں نے اپنا کیس واپس لیتے ہوئے تصفیے فیصلہ کیا ہے، واضح رہے کہ اب اداکارہ اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ کو طویل عرصے سے جاری قانونی جنگ ختم کرنے کے لیے صرف 1 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کریں گی۔ اس معاہدے کے تحت امبر ہرڈ اپنے سابق شوہر کو 10 لاکھ ڈالر دیں گی، عدالت نے جونی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ کو ایک دوسرے کی ہتک عزت کا قصوروار قرار دیا تھا۔