شاہ رخ اداکاری چھوڑنے کے بعد کونسا بزنس کرنے والے ہیں؟

بھارتی فلم انڈسٹری میں کنگ خان کے نام سے پہچان بنانے والے شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو اداکاری چھورنے کے بعد کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ بیکری، کیٹرنگ یا مٹھائی کی دکان شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ شاہ رخ ان دنوں 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے والی اپنی فلم پٹھان کی تشہیر میں مصروف ہیں، گزشتہ دنوں انہوں نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے اداکاری سے 4 سال کی بریک لینے اور پھر مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ وہ فلم زیرو کے بعد اداکاری سے ایک سال کا بریک لینا چاہتے تھے لیکن پھر کرونا کی وجہ سے یہ وقفہ طویل ہو گیا، اداکاری سے بریک لینے کے دوران مجھے کوکنگ اور صفائی ستھرائی سیکھنے اور خود کو کو فٹ رکھنے کیلئے وقت مل گیا، میں نے اس دوران اپنے بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارا۔
شاہ رخ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث گھر مں رہنے کی وجہ سے میں نے گھر میں ہی جم شروع کر دیا، کچن میں کام کیا، میں نے کپڑے دھوئے بلکہ میں نے خود کو فٹ رکھنے کے لیے گھر کا سارا کام بھی خود کیا۔ کنگ خان نے بتایا کہ اگر میں نے کبھی اداکاری چھوڑی تو میں کاروبار کروں گا، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں پٹھان کے نام سے کیٹرنگ، بازی گر کے نام سے بیکری اور دل والے کے نام سے مٹھائی کی دکان بھی کھول سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان 4 سال کے بعد فلم پٹھان کے ساتھ بڑی سکرین پر واپسی کر رہے ہیں، 2018 میں ان کی آخری فلم زیرو ریلیز کی گئی تھی، اس دوران وہ کئی فلموں میں مختصر کردار کرتے بھی نظر آئے۔ تاہم مشکل یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انکی فلم پٹھان کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے جس کی بنیادی وجہ دیپکا پاڈوکون پر فلمایا جانے والا ایک گانا ہے جس میں انہوں نے زعفرانی رنگ کا لباس پہن رکھا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ زعفرانی رنگ ہندو مذہب میں مقدس سمجھا جاتا ہے اور دیپکا نے ایک فحش گانا فلمانے کے لیے اس رنگ کا لباس پہن کر اس کی توہین کی ہے۔
