صباحت بخاری کا بیٹی سے 30 سالہ جدائی کا دردناک انکشاف

اداکارہ کے مطابق سابق شوہر کے خاندان نے شیر خوار بیٹی کو ان سے جدا کردیا، تقریباً 30 سال بعد سوشل میڈیا کے ذریعے دوبارہ رابطہ ہوا

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صباحت بخاری نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ باب سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنی پہلی اولاد، بیٹی سے تقریباً 30 سال تک جدائی کا درد برداشت کرنا پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی لاہور میں ہوئی تھی، جس سے ان کے گھر ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی، تاہم شادی ختم ہونے کے بعد سابق شوہر کے خاندان نے ان کی شیر خوار بیٹی کو ان سے جدا کردیا۔

صباحت بخاری کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی سے ملاقات اور اسے واپس حاصل کرنے کے لیے قانونی کارروائی بھی کی، لیکن انہیں اپنی بچی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ بعد ازاں سابق شوہر کے خاندان نے اپنا گھر تبدیل کرلیا، جس کے باعث وہ اپنی بیٹی کا سراغ لگانے میں بھی کامیاب نہ ہوسکیں۔ سابق شوہر نے بیٹی کو یہ بتا رکھا تھا کہ اس کی والدہ انتقال کرچکی ہیں۔

صباحت بخاری نے بتایا کہ تقریباً 30 سال بعد سابق شوہر کے انتقال کے بعد خاندان نے بیٹی کو اس کی حقیقی والدہ کے بارے میں بتایا۔ بعد ازاں بیٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور یوں دونوں کی برسوں بعد دوبارہ ملاقات اور رابطہ ممکن ہوا۔

Back to top button