پی آئی اے کی لاہور سے باکو کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز

لاہور سے باکو کیلئے پی آئی اے پروازوں کا آغاز ہوگیا، پہلی پرواز لاہور سے 152 مسافروں کو لے کرروانہ ہوگئی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے، آذربائیجان کے سفیرخضر فرہادوف اور وزارت ہوابازی کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا کہ پی آئی اے مشکل سے کبھی باہر نہیں نکل سکے گی مگر وزیر اعظم کی زیر قیادت جامع اصلاحاتی پروگرام کے بعد آج پی آئی اے اپنے قدموں پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے اور باکو کے لیے پروازوں کا آغاز اس سلسلے کی کڑی ہے۔

خواجہ آصف نے آگاہ کیا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے روٹس کےلیے مذاکرات جاری ہیں، جہازوں کا فلیٹ بھی بڑھا رہے ہیں۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور سے باکو براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کیا ہے۔لاہور اور باکو کے درمیان براہ راست پروازوں سے شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے گا، یہ سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

Back to top button