چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے چارج سنبھالتے ہی 28 اکتوبر کو فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا
چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے چارج سنبھالتےہی فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی جانب سے فل کورٹ اجلاس 28 اکتوبر بروز پیر کو بلایا گیاہے۔
واضح رہےکہ آج جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے حلف لیا، وہ 26 اکتوبر 2027 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
ایوان صدر میں ہونےوالی حلف برداری کی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہ شریک ہوئے، اس کےعلاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کےجسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک سمیت دیگر ججز کے علاوہ سینئر وکلا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا
واضح رہےکہ 22 اکتوبر کو چیف جسٹس کے تقرر کےلیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی اکثریت نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کر دیا تھا۔
حلف برداری کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم کورٹ پہنچےاور اپنا چیمبر سنبھال لیا، سپریم کورٹ آمد پر چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا جب کہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کیا۔
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کےبعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ بھی اپڈیٹ کردی گئی،ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام بطور چیف جسٹس پاکستان اپڈیٹ کردیا گیا، ویب سائٹ کےمطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کےبعد سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔