بجٹ پر تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مالیاتی بل (بجٹ) 2025 کی ترامیم پر تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کےبجٹ کی ترامیم پر تحفظات دور کرنے کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کی، جس میں وزیر قانون، وزیر اقتصادی امور اورچیئرمین ایف بی آر بھی شامل ہیں۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کاکہنا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی ترامیم کا ازسرنو جائزہ لے گی اور جلد سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس فراڈ پر تفتیش ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت ہوگی، مجوزہ ترامیم گرفتاری کے اختیارات کو محدود اور شفاف بناتی ہیں، گرفتاری اب صرف کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری کے بعد ممکن ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ بدنیتی پر مبنی گرفتاری کی صورت میں معاملہ چیف کمشنر کو بھیجا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ترامیم ایماندار ٹیکس دہندگان کے تحفظ اور فراڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ہیں۔
کمیٹی ٹیکس افسران کے اختیارات کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔