محسن نقوی کی تہران میں عباس عراقچی سے ملاقات،امن معاہدےپرتبادلہ خیال

پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، حالیہ معاہدے کے بعد خطے کی صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزارت خارجہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام، سرحدی تعاون اور ایران و امریکا کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کادورہ اسلام آباد کی ان سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جن کا تعلق ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل سے ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطحی رابطوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ اسلام آباد خطے میں امن اور مذاکراتی عمل کے فروغ کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
