بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ، فخرزمان، حارث رئوف قومی ٹیم سےباہر

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کیخلاف کرکٹ سیریز میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ شاداب خان قومی ٹیم کی قیادت کرینگے۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بابراعظم نیشنل سکواڈ کے کپتان برقرار رہیں گے، وہ ہمارے ٹاپ سٹار ہیں، انہوں نے ہمارے اقدام کو سراہا ہے، نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم میرا کپتان ہے کبھی خطرہ تھا، نہ ہے، ریسٹ کرنا ضروری ہوتا ہے اور فریش بلڈ لانا بھی، کسی کو نکالا نہیں، یہ سب نیوزی لینڈ کے خلاف ایکشن میں ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر اعظم اگر کسی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنا چاہیں تو ان کی مرضی ہو گی، واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔
