فیلڈمارشل سےامریکی ارکان کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

فیلڈمارشل سید عاصم منیر سےامریکی ایوان نمائندگان کے اراکین ریان کیتھ زنکے  اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کے وسعت دینے پر ہے۔

انہوں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ معاشی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور تجارتی تعلقات میں اضافے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔

امریکی وفد نے پاک فوج کی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکا کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Back to top button