سرکاری ملازمین کی حاضری کےباوجودصوابی جلسہ ناکام رہا،عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاکہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی حاضری کے باوجود صوابی جلسہ ناکام رہا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے عوام نے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی انتشار اور جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست کو مسترد کردیاہے۔حکومتی وسائل کےاستعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ حاضریاں لگاکر بھی5ہزار بندےاکٹھے نہیں کرسکے۔
عظمیٰ بخاری نےکہا کہ جنیداکبراپنےپہلےامتحان میں ہی بری طرح فیل ہو گئے ہیں، جبکہ علی امین گنڈا پور نےحسب روایت لچرپن سےعمران خان کوخوش کرنےکی ناکام کوشش کی۔پنجاب کے کسی ضلع سے لوگ نہیں نکلے، اورجو نکلے،وہ بھی صرف دکھاوے کیلئےگرفتاریاں دینے آئے تاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کےسامنے نمبر بنا سکیں۔
وزیر اطلاعات کامزید کہنا تھا کہ 9 مئی اور26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔خیبرپختونخواہ کےنوجوانوں نے بھی دیکھ لیاہےکہ پنجاب کےنوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور اسکالرشپ مل رہے ہیں، لہٰذا انہیں بھی یہی سہولتیں ملنی چاہئیں۔
عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ انشاء اللہ جلد ہی مریم نواز خیبرپختونخواہ کے نوجوانوں کو بھی اسکالرشپ فراہم کریں گی۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔