وفاق کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی دھاندلی زدہ حکومت بنی،فضل الرحمان

جے یوآئی کےامیرمولانافضل الرحمان کاکہنا ہےکہ وفاق کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی دھاندلی زدہ حکومت بنی۔
جے یوآئی کے امیرمولانافضل الرحمان کامردان میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےکہنا تھا کہ8فروری کےانتخابات میں چاروں صوبوں میں بدترین دھاندلی کی گئی۔خیبرپختونخوا میں بھی دھاندلی کےذریعے حکومت بنائی گئی اوراس غیر منصفانہ عمل کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیاجا سکتا۔
مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ26 ویں آئینی ترامیم کےحوالے سے ہم نےاکیلی جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے صوبوں میں دینی مدارس ایکٹ کےحوالےسےتاخیری حربے استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسائل کا حل تلخیوں سے نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ممکن بناتے ہیں۔
اپوزیشن کےحوالے سےبات کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھےہیں اورعوام کےحقوق کی جنگ لڑرہےہیں۔غریب عوام کےحق پرڈاکہ ڈالا گیا اور کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ عوام کےحقوق پر شب خون مارے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کےمعاشی استحکام کےدعوےبےبنیاد ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آئندہ سال مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور جی ڈی پی مزید کم ہو جائے گی جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
جے یوآئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 26 ویں ترامیم کےذریعے ہم نے آئین، پارلیمنٹ اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔بین الاقوامی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو اوٹ پٹانگ قرار دیا۔