PIA اور انجینئرز تنازع، سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئرز کے صدر و سیکریٹری برطرف

ائیرکرافٹ انجینئرز اور قومی ایئرلائن کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئرز کے صدر عبداللہ جدون اور سیکریٹری جنرل اویس جدون کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
قومی ایئرلائن (PIA) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں افسران کو برطرفی کے احکامات آج جاری کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق، عبداللہ جدون اور اویس جدون کو گزشتہ سال شروع ہونے والی انکوائریز کے سلسلے میں 4 اور 5 نومبر کو ذاتی شنوائی کا موقع دیا گیا تھا، تاہم دونوں سی ای او پی آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی قومی ایئرلائن کے متعلقہ قوانین کے تحت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، 2024 کی انکوائری کے بعد یہ فیصلہ انجینئرز کے حالیہ احتجاج کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، برطرف کیے گئے اویس جدون نے موقف اختیار کیا ہے کہ “انجینئرز نے طیاروں میں فنی خرابیوں کے باوجود کلیئرنس دینے سے انکار کیا، یہی اقدام برطرفی کی وجہ بنا۔”
انہوں نے کہا کہ برطرفی کے فیصلے کو دستاویزی شواہد کی بنیاد پر عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
سیکریٹری جنرل سیپ (Society of Aircraft Engineers Pakistan) کے مطابق، “برطرفی کی بنیادی وجہ طیاروں میں موجود فنی خامیوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی تھی، جسے انتقامی کارروائی کے طور پر لیا گیا ہے۔”
