ڈرگ کوئین انمول پنکی 3مقدمات میں بری

کراچی کی مقامی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے تینوں مقدمات میں بری کردیا ہے۔

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں درج منشیات کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ملزمہ کی جانب سے انعم کوثر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

پراسیکیوشن ملزمہ پنکی کے خلاف شوہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ان مقدمات میں شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، ملزم علی اور فہمیدہ کو 2024 میں عدالت نے بری کیا تھا، انمول پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں شامل کیا گیا تھا تاہم جب شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں تو ملزمہ کے خلاف مقدمے میں سزا کا کوئی امکان نہیں رہا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد انمول عرف پنکی کی مزید 2 مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرلیں، جس کے بعد ملزمہ کو ان مقدمات سے بھی بری کردیا گیا۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن ملزمہ انمول پنکی کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔

عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزمہ کسی اور مقدمے میں نامزد یا مطلوب نہیں تو اسے رہا کردیا جائے۔ آج ہی فاضل جج نے انمول عرف پنکی کو گزری تھانے میں درج 3 مقدمات میں بری کیا ہے، گزری تھانے میں 2020، 2021 اور 2022 کے مقدمات میں بری کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو 12 مئی 2026 کو کراچی کے علاقے گارڈن سے پولیس اور ایک وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے تقریباً 1.5 کلو کوکین، 9 ایم ایم پستول اور کوکین کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل برآمد ہوا تھا۔

کراچی پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد انمول پنکی کے خلاف پہلے سے درج متعدد مقدمات میں بھی اسے گرفتار ظاہر کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ انمول عرف پنکی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 16 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر سنگین جرائم کے الزامات ہیں۔

Back to top button