پیٹرولیم ڈیلرز اورحکومت کےمابین مذاکرات بےنتیجہ ختم

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے ہیں۔

پیٹرولیم ڈیلرز نے ہفتے کی صبح سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کردیا۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اہم مطالبات میں کاروباری اخراجات، بجلی کے بھاری بلوں اور فرینچائز فیسوں کے پیشِ نظر پیٹرول پر ڈیلر مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈیلرز روزانہ یا 24 گھنٹے کی بنیاد پر قیمتوں میں تبدیلی کے حکومتی نظام کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

مذاکرات کے دوران حکومت نے ڈیلر مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی، جسے ڈیلرز نے کاروباری اخراجات کے مقابلے میں انتہائی ناکافی قرار دے کر مسترد کر دیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز نے بڑھتے ہوئے کاروباری اخراجات اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی تبدیلی کے خلاف حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے رکھا تھا۔

اس ڈیڈ لاک کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے کراچی میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ ہڑتال کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بدلنے سے کاروباری نظام کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، اس لیے قیمتوں کے تعین کا پرانا طریقہ کار بحال کیا جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ڈیلرز کی جانب سے دی گئی اس ڈیڈ لائن پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور حکومت نے قیمتوں کے اس یومیہ ردوبدل کے نظام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

Back to top button