سیلاب متاثرہ کسانوں کےبجلی کے بل معاف کئےجائیں،بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی کے بل فوری طور پر معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مظفرگڑھ کے علاقے ٹھٹھہ سیال میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نہ صرف بجلی کے بل معاف کیے جائیں بلکہ کسانوں کو بیج اور کھاد کی فراہمی بھی فوری طور پر یقینی بنائی جائے، تاکہ وہ دوبارہ اپنی زمینوں پر کام شروع کر سکیں۔

بلاول بھٹو نے زور دیا کہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں بلکہ عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ انہوں نے کہا، "مشکل وقت میں یہ نہیں دیکھا جانا چاہیے کہ متاثرہ شخص کا تعلق کس جماعت یا علاقے سے ہے، بلکہ ہمارا فرض ہے کہ ہر پاکستانی کی مدد کریں۔”

انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی فنڈز اور وسائل اکٹھے کرنے کی غرض سے قومی سطح پر اپیل کی جائے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک پہنچے۔

بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کو سب سے مؤثر نظام قرار دیا جس کے ذریعے شفاف طریقے سے متاثرہ افراد تک امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔

Back to top button