بجلی 19 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کی درخواست پر کل (پیر کو) سماعت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق CPPA نے اگست 2025 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی ہے۔ اگر یہ درخواست منظور ہو جاتی ہے تو اکتوبر کے بجلی کے بلوں میں اس کا اطلاق متوقع ہے۔
حکومتی پالیسی کے مطابق یہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ صرف DISCOs (ڈسٹری بیوشن کمپنیز) تک محدود نہیں، بلکہ K-Electric صارفین پر بھی لاگو ہو گی۔
خیال رہے کہ نیپرا نے رواں ماہ کے آغاز میں کے-الیکٹرک کے لیے جون اور جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹز کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت کے-الیکٹرک کے صارفین کو 2 روپے 57 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ملا۔
دوسری جانب ملک کے دیگر صارفین کے لیے بھی جولائی کی ایڈجسٹمنٹ میں 1.79 روپے فی یونٹ کمی کی گئی، جس کا فائدہ رواں ماہ کے بلوں میں دیا جا رہا ہے۔
