ناصر حسین شاہ نے حارث رؤف کا جرمانہ ادا کرنے کا علان کر دیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فاسٹ بولر حارث رؤف پر آئی سی سی کی جانب سے عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں ناصر حسین شاہ نے لکھا:

"حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بہادر انسان ہیں۔ اگر جرمانہ 300 فیصد بھی ہو تو ہم اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "میں ذاتی طور پر حارث رؤف کو جرمانے کی رقم ادا کروں گا۔”

 

اس سے قبل ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ حارث رؤف پر عائد جرمانہ خود ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ میچ کے دوران صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے بیٹ کو بندوق کی شکل دے کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا۔

دوسری جانب حارث رؤف نے وکٹ لینے اور فیلڈنگ کے دوران بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کے جواب میں جنگی طیارہ گرنے کا اشارہ کیا، جسے میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو صرف وارننگ دی گئی ہے اور ان کے خلاف کوئی مالی سزا نہیں دی گئی۔

ادھر محسن نقوی نے آئی سی سی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ فرحان اور حارث کے کیس میں دوہرا معیار اپنایا گیا۔

Back to top button