وزیرتوانائی نےبجلی مہنگی ہونےکاخدشہ ظاہرکردیا

وزیرتوانائی اویس لغاری نے خدشہ ظاہرکیاہے کہ امریکا ایران جنگ کے باعث توانائی بحران کاسامناہے۔ مہنگی گیس سے بجلی پیدا کی تو فی یونٹ مزید مہنگی ہوگی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث موجودہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ عوام چند دن کی مشکل برداشت کریں، حکومت انہیں مہنگی بجلی سے بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہاکہ رات کے اوقات میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔ وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ لوڈشیڈنگ کی وجہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش ہے۔ چند دن کی مشکل برداشت کریں، عوام کو مہنگی بجلی سے بچا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ سپاٹ مارکیٹ سے مہنگی گیس خرید کر بجلی پیدا کرنا ممکن ہے، تاہم مہنگی گیس خریدنے سے بجلی 5 سے 6 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ڈیزل اور کوئلے سے چلنے والے بجلی پلانٹس فعال ہیں جبکہ شمال سے جتنی بجلی آسکتی ہے، سسٹم میں آ رہی ہے۔
اویس لغاری نے کہاکہ حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی ضرورت نہیں، تاہم بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے، گرمی اور حبس کے باعث عوام لوڈشیڈنگ زیادہ محسوس کررہے ہیں۔
