المنہاد ایئربیس پر ایرانی میزائل حملے کی خبر بے بنیاد ہے: متحدہ عرب امارات

 

 

 

یو اے ای نے المنہاد ایئربیس پر ایرانی میزائل حملے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہاکہ المنہاد ایئربیس پر میزائل حملے سے متعلق میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔

اماراتی وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہےجب ایران کی جانب سے دعویٰ کیاگیا تھاکہ اس نے المنہاد ایئربیس کو درجنوں حملہ آور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ ایران کےمطابق کارروائی میں اس مقام کو ہدف بنایاگیا جہاں امریکی فوجی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز موجود تھے۔

دوسری جانب یو اے ای نے اس سے قبل اعلان کیا تھاکہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے ایرانی سمت سے آنےوالے ایک ڈرون کو اپنی علاقائی حدود کے اوپر روک لیا ہے۔

یو اے ای کی وزارت دفاع کےمطابق ملک کی مسلح افواج مکمل الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب دینے کےلیے تیار ہیں۔اماراتی فضائی حدود کی مسلسل نگرانی اور مشتبہ اہداف کی ٹریکنگ بھی جاری ہے۔

ایران اور یو اے ای کے درمیان یہ تازہ کشیدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تنازع شدت اختیار کرچکا ہے۔دونوں جانب سے ایک دوسرے کے فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کےدعووں کے باعث خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ المنہاد ایئربیس متحدہ عرب امارات میں واقع ایک اہم فوجی اڈہ ہے جہاں امریکی فوجی سرگرمیوں کی موجودگی بھی رہی ہے۔تاہم تازہ ایرانی دعوے کے بارےمیں اماراتی حکام نے واضح طور پر کہا ہےکہ میزائل حملے کی اطلاعات درست نہیں۔

لارک جزیرے پر حملے کے بعد ایران کے امریکی فوجی اڈوں، بحری جہازوں پر جوابی حملے

اماراتی حکام نے عوام پر بھی زوردیا ہے کہ وہ سکیورٹی صورت حال سے متعلق معلومات کےلیے صرف سرکاری اور معتبر ذرائع پر انحصار کریں اور افواہوں یا گمراہ کن خبروں سے گریز کریں۔

 

Back to top button