اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین مستعفی

اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (IHRA) کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا،جس میں انہوں نے اتھارٹی کی خودمختاری متاثر ہونے اور موجودہ حالات میں ذمہ داریاں آزادانہ و مؤثر انداز میں ادا نہ کرسکنے کی وجوہات بیان کی ہیں۔
ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کے استعفے کی کاپی سامنے آ گئی ہے۔ استعفے کے متن کے مطابق ان کا استعفیٰ منظوری کی تاریخ سے مؤثر ہوگا۔
ڈاکٹر ریاض شہباز نے استعفے میں کہا ہےکہ بعض پیش رفت اور حالات کے باعث اتھارٹی کی خودمختاری متاثر ہوئی، جب کہ موجودہ حالات میں عہدے کی ذمے داریاں آزادانہ اور مؤثر انداز میں ادا کرنا ممکن نہیں۔
استعفے کےمتن کےمطابق ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ کو اکتوبر 2024ء میں آئی ایچ آر اے بورڈ کا رکن مقرر کیاگیا تھا اور بورڈ کے پہلے اجلاس میں انہیں متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیاگیا۔
انہوں نے کہاکہ محدود افرادی قوت کے باوجود آئی ایچ آر اے نے ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط کیا۔آئی ایچ آر اے نے اسلام آباد میں تقریباً 2500 ہیلتھ کیئر اداروں کو رجسٹر کیا، جب کہ ہیلتھ کیئر اداروں کے 8 ہزار سے زائد ریگولیٹری اور انسپکشن دورے کیے گئے۔
سانحہ پمز : جوڈیشل انکوائری کی درخواست، اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت سے جواب طلب کرلیا
ڈاکٹر ریاض شہباز کےمطابق غیرقانونی اور جعلی طبی طریقہ کار میں ملوث تقریباً 50 اداروں کو سیل کیاگیا۔
استعفے میں کہاگیا ہےکہ ہیلتھ کیئر ریگولیشن اور مریضوں کے تحفظ کےلیے ایک آزاد اتھارٹی کا ہونا ضروری ہے۔ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ نے اپنے استعفے میں ہیلتھ کیئر ریگولیشن اور مریضوں کے تحفظ میں کردار ادا کرنےکا موقع ملنے پر اظہارتشکر بھی کیاہے۔
