اٹھارہویں ترمیم میں صوبوں کو ملنے والے وسائل ہضم نہیں ہو رہے،فضل الرحمان

جےیوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا اٹھارہویں ترمیم میں صوبوں کو ملنے والے وسائل ہضم نہیں ہو رہے، غیر سیاسی لوگوں سے ایسی باتیں کہلوائی جارہی ہیں جن کی حیثیت نہیں۔
سربراہ جے یو آئی(ف) مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں اور صوبوں کی تقسیم کا سوال پہلےبھی اٹھتا رہا، صوبے بنتے ہیں لیکن پاکستان میں نہ ماحول ہے نہ تیاری اور جب ماحول اور تیاری نہ ہو تو صوبوں کی تقسیم سے تباہی ہوتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نےکہا پیپلزپارٹی کیخلاف سب سے بڑی تحریک چلائی اور ایم آر ڈی میں ساتھ رہے، سیاست میں کوئی آخری حد نہیں ہوتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ 2018اور 2024 کے انتخابات تسلیم نہیں کرتے، انتخابات میں کسی ادارے کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا سیاستدانوں نے اقتدار بچانے کیلئے حالات سے سمجھوتے کیے، سیاستدان ڈٹے رہیں اور مداخلت روکیں تو طاقتور ہوسکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان بولے کہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ہم کسی سیاسی آدمی کو جیل میں رکھنے کے حامی نہیں، شدید مخالف بھی آزاد ہونا چاہیے، ملک میں بے امنی نے عوام کی زندگی مفلوج کردی ہے۔
