چودھری شجاعت سے فواد چودھری کی وفدکےہمراہ ملاقات

مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیاسی رہنماؤں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملاقات کے دوران پاکستان کی تعمیر وترقی اور ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاکہ چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ مفاہمت اور رواداری کی سیاست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے لوگوں کو آپس میں جوڑا ہے، سابق وزیراعظم سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کی اور آئندہ بھی رہنمائی لیتے رہیں گے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں قریبی روابط وقت کی ضرورت ہے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے مئی کی جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی، اور اب دہشتگردوں سے بھی برسر پیکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں۔

Back to top button