پہلا ٹی 20،پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قومی ٹیم نے 183 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ معاذ صداقت نے 50 رنز کی شاندار نصف سنچری سکور کی جبکہ فخر زمان 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے ایشان ملنگا اور مہیش تھیکشانا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کے لاہیرو اُدارا نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کمندو مینڈس نے 23 اور داسُن شناکا نے 18 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 اور محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ صائم ایوب، رضا اللہ اور شاداب خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور رضا اللہ نے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا ہے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، نسیم شاہ، محمد عمران، رضا اللہ اور ابرار احمد شامل تھے۔
دوسری جانب سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کپتان کوشل مینڈس، لہرو اودارا، کامل مشارا، کامندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دشمنتھا چمیرا، ایشان ملنگا اور نووان تھشارا شامل تھے۔
