ایمرجنسی 12 اضلاع میں نہیں، پورے خیبرپختونخوامیں لگےگی،طارق فضل

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے حوالے سے غور و خوض مکمل ہو گیا، ایمرجنسی 12 اضلاع میں نہیں، پورے خیبرپختونخوا میں لگے گی۔
طارق فضل چوہدری کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مذاکرات، دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کے تعاون سے مشروط ہوں گے۔
وفاقی وزیرکاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع دہشتگردی سے متاثر ہیں، پی ٹی آئی لانگ مارچ کے بجائے صوبے پر توجہ دے ، پاکستان کسی صورت دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا، مسلط دہشتگردی سے نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام سہیل آفریدی کو تبدیل کرکے کسی اور کو وزیراعلیٰ بنائیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے معاملے پر کل اعلیٰ سطح کے اجلاس کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا اجلاس میں صدر مملکت، وزیراعظم اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے حوالے سے کل حتمی فیصلہ کیےجانے کا امکان ہے، اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز ہے، خیبرپختونخوا میں اہم اختیارات وفاق کے استعمال کرنے کی بھی تجویز ہے، آرٹیکل 232 سے 234 تک غور و خوض کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری کا امکان ہے۔
