سیلاب کاخطرہ ٹلانہیں،بھارت مزیدپانی چھوڑےگا،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیلاب کا خطرہ فی الحال کم ضرور ہوا ہے لیکن مکمل طور پر ٹلا نہیں،بھارت مزیدپانی چھوڑ دے گا۔

خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ بھارت سے آنے والے پانی میں بھارتی شہریوں کی لاشیں بھی بہہ کر پاکستان میں آئی ہیں۔موجودہ بارش کی حالیہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، اس سے پہلے کبھی اتنا پانی نہیں آیا۔ بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑنے کا امکان بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے بھی دو بار پانی ریلیز کر چکا ہے اور اس بارے میں پاکستان کو آگاہ کیا گیا تھا۔ اگر مزید بارشیں ہوئیں تو دوبارہ سیلاب آنے کا اندیشہ برقرار رہے گا۔ سیالکوٹ میں کئی نالوں کے قریب موجود گھروں میں اب بھی پانی کھڑا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن پانی نکالنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن مویشیوں کی لاشیں اور کوڑا کرکٹ اس عمل میں رکاوٹ ہیں۔ شہریوں کے مطابق بھارت سے آنے والے پانی میں بھارتی باشندوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں گزشتہ دنوں ساڑھے تین سو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، 1976 کے بعد پہلی بار اتنی بارش ہوئی ہے۔ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے وقت درکار ہے۔ ان کے مطابق طوفانی بارشوں کے لیے اس طرح کی تیاری نہیں تھی، اور جب تک دریاؤں اور نالوں سے قبضے ختم نہیں کیے جاتے، ایسے مسائل برقرار رہیں گے۔

خواجہ آصف نے نالہ ایک کا ہنگامی دورہ کیا اور نشیبی علاقوں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ عوام کو جانی و مالی نقصان سے بچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے، حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Back to top button