فرانسیسی وزیر خارجہ ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں سفارتی اورتکنیکی مذاکرات کی پیشکش کریں گے

ایمانویل میکرون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بورو آج جنیوا میں ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے اور ’ مکمل سفارتی اورتکنیکی مذاکرات کی پیشکش’ کریں گے۔

ایمانویل میکرون نے دارالحکومت پیرس کے باہر لی بورجے میں جاری ایئر شو کے موقع پر کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ اپنے سفارتی حل کو میز پر لا رہے ہیں، ایران کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ وہ ان مذاکرات میں شامل ہونے پر آمادہ ہے جو ہم تجویز کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایران کے ساتھ بامعنی مذاکرات پھر سےشروع کرنے کو ترجیح دی جائے، مذاکرات میں جوہری معاملہ، بیلسٹک پروگرام، اور تمام دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت ( کے موضوعات ) کو شامل ہونا چاہیے۔ ’

جنگ ختم کرنے کا فیصلہ ایران کرے گا : سابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف

 

فرانسیسی صدر نےخبردار کیا کہ کسی کو بھی اس خطرے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ایک جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران پیدا کر سکتا ہے۔’

خیال رہے کہ یورپی وزرائے خارجہ آج جنیوا میں ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر مذاکرات کریں گے، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ جمعہ کو جنیوا میں ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔

تینوں یورپی وزرائے خارجہ ایرانی ہم منصب سے سے جوہری پروگرام پر مذاکرات کریں گے، ایران سے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے ملاقات پر امریکا کا بھی اتفاق ہے۔

Back to top button