کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے مکمل شیڈول کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں شیڈول مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 2 اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 21 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
افریقی سرزمین پر طویل عرصے بعد کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کی واپسی ہو رہی ہے۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 2 اکتوبر کو ونڈہوک میں 3 ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا، جس میں گروپ سٹیج کی آخری ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔
بقیہ 12 ٹیموں کو 6 ، 6 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں۔
گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی مدمقابل ہوں گے۔
گروپ سٹیج کا آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں 2023 کے فائنل کی طرز پر دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ سے ہوگا۔
شریک میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے بالترتیب 9 اور 11 اکتوبر کو اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ جنوبی افریقہ کیپ ٹاؤن میں نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گا جبکہ زمبابوے بولاوایو میں افغانستان کے مدمقابل ہوگا۔
شائقین کی نظریں 10 اکتوبر پر مرکوز ہوں گی جب جوہانسبرگ کے میدان میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ کا آخری میچ 13 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ وکٹوریہ فالز کے نئے گراؤنڈ میں گروپ سٹیج کا آخری میچ بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہوگا۔
ٹورنامنٹ کی 14 ٹیموں میں سے جنوبی افریقہ اور زمبابوے نے میزبان ہونے کی حیثیت سے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، جبکہ 30 ستمبر 2026 کی کٹ آف تاریخ تک آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ کی بہترین 8 ٹیمیں بھی براہ راست جگہ بنائیں گی۔ بقیہ 4 نشستوں کا فیصلہ کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔
ہر گروپ کی ٹاپ 3 ٹیمیں اور دونوں گروپس میں سے بہتر چوتھے نمبر والی ٹیم سپر 7 مرحلے میں داخل ہوں گی۔ اس مرحلے میں گروپ سٹیج کے کوئی پوائنٹس آگے نہیں جائیں گے اور ہر ٹیم 25 اکتوبر سے 14 نومبر تک مزید 6 میچ کھیلے گی۔
شائقین کی سہولت کے لیے ٹیموں کو پہلے سے سپر 7 پوزیشنز الاٹ کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنے سفر اور ٹکٹس کی پیشگی منصوبہ بندی کر سکیں۔
پری سیڈڈ الاٹمنٹس کچھ یوں ہیں، اے 1 (بھارت)، اے 2 (آسٹریلیا)، اے 3 (پاکستان)، اے بی 4 (انگلینڈ)، بی 1 (نیوزی لینڈ)، بی 2 (جنوبی افریقہ)، بی 3 (سری لنکا)۔ اگر کوئی غیر سیڈڈ ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو وہ اس سیڈڈ ٹیم کی جگہ لے گی جسے اس نے باہر کیا ہوگا۔
سپر 7 مرحلے کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن اور دوسرا 18’ نومبر کو شوانے میں ہوگا۔
فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ تمام ناک آؤٹ میچز کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ مجموعی طور پر 12 وینیوز پر کھیلا جائے گا۔ نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں سپر سیریز اور گروپ سٹیج کے میچز ہوں گے۔
زمبابوے میں ہرارے، بولاوایو اور وکٹوریہ فالز، جبکہ جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاؤن، پارل، جوہانسبرگ، شوانے، بلوم فونٹین، ڈربن، کوگومپو سٹی اور گقیبرہا میزبان ہوں گے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس موقع پر کہا کہ شیڈول کا اعلان اور ٹکٹ بیلٹ کا آغاز اس عظیم ٹورنامنٹ کی جانب اہم سنگ میل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کرکٹ کے شاندار میزبان ثابت ہوں گے اور ہم دنیا بھر کے شائقین کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہیں۔
آئی سی سی نے دنیا بھر کے شائقین کے لیے ٹکٹ بیلٹ کھول دیا ہے۔ ٹکٹوں کی قیمت 9.62 امریکی ڈالر (آر 158) سے لے کر اعلیٰ ترین میچز کے لیے 31.31 امریکی ڈالر (آر 514) تک مقرر کی گئی ہے۔ فیملی بنڈلز، طلباء، اور کمیونٹی گروپس کے لیے خصوصی رعایتیں بھی دی گئی ہیں۔
