آزاد کشمیر میں حکومت سازی :نوازشریف نے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا

آزادکشمیر میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کے قائدنواز شریف نے15 اگست کو مری میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔
آزاد جموں کشمیر میں عام انتخابات 2026 کے انعقاد اور انتخابی نتائج کے اجرا کے بعد خطے میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
تمام سیاسی جماعتیں اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے لیے جوڑ توڑ اور حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن نے انتخابی عمل کے بعد فوری طور پر حکومت سازی کے عمل کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر میں حکومت سازی سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس بروز ہفتہ 15 اگست کو دن 11 بجے گورنر ہاؤس مری میں منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت پارٹی قائد میاں نواز شریف خود کریں گے، جبکہ اس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور مرکزی قیادت بھرپور انداز میں شریک ہوگی تاکہ حکومت سازی کے تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے طے کیا جا سکے۔
آزاد کشمیر کے اگلے وزیراعظم کے منصب کے لیے پارٹی کے اندرونی حلقوں میں جن 3 سینیئر رہنماؤں کے نام سرِفہرست ہیں، ان میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق اور سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر شامل ہیں۔
