بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 23 اگست تک مون سون کی سرگرمیوں میں اضافے اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں داخل ہونے والی مون سون کی مضبوط ہوائیں بالائی سطح پر موجود مغربی ہواؤں کے نظام کے ساتھ مل کر ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کی رات سے کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔
کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں جمعے کی رات سے 23 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو اور ہنزہ سمیت مختلف اضلاع میں بھی اس دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان، مردان، صوابی، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ قبائلی اضلاع میں جمعے کی شام سے 23 اگست تک وسیع پیمانے پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں جمعے کی رات سے اتوار کی صبح تک موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

Back to top button