IMFمعاہدہ، حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا

حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے تک فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کرلیا جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہوجائے گا جبکہ کراچی والوں پر فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں اضافی بوجھ بھی ڈالاگیاہے ‘ نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئےبھی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا۔ کراچی کے صارفین کیلئے ایک ماہ کیلئے فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 44 پیسے کا اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔نیپرا اتھارٹی نے ایف سی اے کی مد میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کراچی والوں کو بنیادی ٹیرف میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایف سی اے بھی اداکرنا پڑیگا۔نیپراکے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق روپے کی قدر میں کمی ہے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپسیٹی ادائیگیوں کی وجہ سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے۔نیپرا نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281ارب روپے متوقع ہے۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے متعلق نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد بجلی کا ایک یونٹ اوسطا پچاس روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے ہے۔ نیپرا نے یکم جولائی 2023 سے صارفین کو بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4.96 روپے فی یونٹ کا اوسط اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو اسے 29.78 روپے تک لے جائے گا۔ اور یہ ٹی او یو میٹر استعمال کرنے والوں کے لیے آخری صارفین کے لیے 49.35 روپے فی یونٹ تک ٹیرف میں اضافے کا سبب بنے گا۔ صارفین اب شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک کے اوقات کے دوران 49.35 روپے فی یونٹ اور بغیر اوقات کے دوران 33.03 روپے ادا کریں گے۔ یہ فیصلہ کراچی والوں کے لیے دوہرا خطرہ بن گیا ہے کیونکہ نیپرا نے مئی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں بھی 1.44 روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے جو جولائی کے بلنگ میں اداکرنا ہو گا۔بیس ٹیرف میں 4.96 روپے فی یونٹ کے اضافے سے کیپسٹی چارجز کی ادائیگی کا حصہ 70 فیصد ہو گیا ہے جو کہ 3.472 فی یونٹ ہے اور 30 فیصد توانائی کی قیمت ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی نیپرا نے رواں مالی سال کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 4.96 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ’مالی سال 2023-24 کے لیے اوسط ٹیرف 29.78 روپے تعین کیا گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں4.96 روپے زیادہ ہے اور گزشتہ مالی سال میں 24.82 روپے تعین کیا گیا تھا‘۔مزید کہا گیا کہ مستقبل میں ٹیرف میں کمی سے کسی قسم کا ریلیف صارفین کو براہ راست دیا جائے گا جو روپے کی قدر میں بہتری، افراط زر میں کمی اور شرح سود اور دیگر وجوہات کی بنا پر ہوسکتا ہے۔

Back to top button