مولانا فضل الرحمان کے بیان سے پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی : شرجیل میمن

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ پاک بھارت جنگ میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ الفاظ واپس لینے سے مولانا فضل الرحمان کی عزت میں کوئی کمی نہیں آئے گی، اس معاملے کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو بھارت میں شہ سرخیوں میں جگہ ملی، وہاں خوشی منائی گئی، ایسا بیان دینے سے گریز کیا جائے جس سے ہمارا دشمن خوش ہو، مولانا فضل الرحمان کےلیے دل میں بہت احترام ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، ملک کےلیے لڑنے کے جذبے کی قیمت تنخواہ نہیں ہوتی، جوان گھر سے نکلتے وقت والدین سے شہادت کی دعا کی درخواست کرتےہیں، شہداء کا رتبہ ہمیشہ بلند رہے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بھارت اب پاکستان میں پراکسیز کے ذریعے جنگ لڑرہا ہے، بیان بازی سے شہید کے رتبے کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، پاک بھارت جنگ میں پوری قوم متحد تھی، پیپلز پارٹی نے کبھی اپنی افواج کے خلاف بات نہیں کی۔ بھارت کے خلاف ہر محاذ پر پاکستانی غازی ڈٹے رہے، مولانا فضل الرحمان بیان واپس لیں، ان کے قدوقامت میں اضافہ ہوگا۔
