پی آئی اے کے بیڑےمیں 16 نئے طیارے شامل کرنے کا پلان تیار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا میں بوئنگ کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکے بیڑے میں 16 نئے طیارے شامل کرنے کے منصوبے پر اہم پیشرفت دیکھنے میں آئی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے بوئنگ کے عالمی صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی جس میں پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کا وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔
ملاقات کے دوران پی آئی اے کے لیے 16 نئے طیاروں کے حصول کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور طیاروں کی خریداری کے لیے دستیاب بہترین آپشنز پر غور کیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پی آئی اے کے لیے موزوں ترین معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے برینڈن نیلسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے بوئنگ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی قابل قدر ہے۔
انہوں نے عالمی ہوا بازی اور طیارہ سازی کی صنعت میں بوئنگ کے اہم کردار کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ محسن نقوی 9 جولائی کو امریکا پہنچے تھے، جہاں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مذاکرات کا نیا دور شروع ہوا۔
اس سے قبل محسن نقوی نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان اور امریکا کے درمیان براہ راست فضائی پروازوں کا جلد آغاز چاہتی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر استوار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نجکاری کمیشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کا انتظامی کنٹرول باضابطہ طور پر عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل مکمل ہوگیا۔

Back to top button