کیا عمران اب نواز اور زرداری سے اتحاد کیلئے تیار ہوں گے ؟

سینئر صحافی اور سیاسی تجزیہ کار حماد غزنوی نے کہا ہے کہ عسکری قیادت اور عمران خان کے درمیان جاری جنگ خون ریزہوتی جا رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف لڑائی اگر اکیلے لڑے گی تو سو فی صد ہار جائے گی۔ یہ لڑائی جیتنے کے لئے عمران خان کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون سے ہاتھ ملانا پڑے گا. اپنے ایک کالم میں حماد غزنوی لکھتے ہیں کہ ہمارے تمام قومی راہ نما خوش شکل و وجیہہ رہے ہیں، قائدِ اعظم، ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، نواز شریف، بلاول بھٹو، مریم نواز، عمران خان، سب کے سب اپنی طرز کے خوش شکل اورپُرکشش لوگ۔ان کے حلیے، قدوقامت اور شکلیں اگر کچھ مختلف ہوتیں تو یہ اصحاب کیسے لگتے؟ اگر مریم نوازہو بہ ہو فردوس عاشق اعوان جیسی نظر آتیں تو کیا ان کے حامیوں کی فہرست اتنی ہی طویل ہوتی؟ اگر بلاول بھٹو کا ہئیر اسٹائل سائیں قائم علی شاہ جیسا ہوتا تو ان پر کتنا سجتا؟ اور اگر عمران خان کا چہرہ مولانا فضل الرحمٰن جیسی داڑھی سے سجا ہوتا تو ان پرکتنا جچتا؟ہمارے خیال میں تو عمران خان قطعاً اچھے نہ لگتے، بالکل اسی طرح جیسے عمران خان کے منہ سے آئین کا لفظ اچھا نہیں لگتا۔ عمران جیسے ہی ’آئین‘ کہتے ہیں ہمیں لگتا ہے ان کے چہرے پر دفعتاً داڑھی اُگ آئی ہے جس میں سرخ مہندی رچی ہوئی ہے، اور مونچھیں یکسر منڈی ہوئی ہیں۔ حماد غزنوی کا کہنا ہے عمران خان کے منہ سے ہم نے بارہا اولین آئین شکن ایوب خان کی مدح سنی ہے، یعنی دوسرے لفظوں میں وہ محترمہ فاطمہ جناح کی توہین کر رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح نواز شریف کی مخالفت میں انہیں پرویز مشرف کی حمایت کرنا پڑتی ہے۔ جسٹس وقار سیٹھ نے مشرف کو سزا سنائی تو عمران خان اور ان کی حکومت برہنہ پا ، تپتے توے پر رقص کناں دیکھے گئے، جسٹس صاحب کوعمران خان گروہ نے فاترالعقل قرار دے دیا تھا۔مسئلہ یہ ہے کہ سیاسی قوتوں سے مریضانہ نفرت کرنے والے کو بہرحال آئین شکن آمروں کے حق میں زندہ باد کے فلک شگاف نعرے مارنے ہی پڑتے ہیں۔ اور پھر وہ منظر تو لوحِ دماغ پر کندہ ہو چکا ہے جب عمران خان نے اپنی حکومت جانے سے پہلے پے در پے پانچ مرتبہ آئین توڑا تھا۔تو اب آپ ہی بتائیے عمران خان کے منہ سے ’آئین‘ کا لفظ ہمیں کیسا لگتا ہو گا؟ تین ڈی جی .. آئی ایس آئی اور دو آرمی چیفس کی درس گاہوں کا فارغ التحصیل جب ’آئین‘ کا لفظ بولتا ہے تو ہمارے دل پر کیا گزرتی ہو گی؟یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ عسکری قیادت اور عمران خان کے درمیان جاری جنگ خون ریز ہوتی جا رہی ہے، اور آخرِ کار عمران خان کی گرفتاری بھی ہو گئی، یعنی فریقین کی لڑائی ایک زینہ اور چڑھ گئی. حماد غزنوی کا کہنا ہے کہ آج بھی اس ملک میں کئی دہائیوں سے سویلین بالا دستی کی جد و جہد کرنے والے عناصر اس سارے تماشے کو سائیڈ لائین سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ عمران خان کو فاشسٹ سمجھتے ہیں جو اپنے ہر سیاسی مخالف کو پس دیوارِ زنداں دھکیل کر اذیتیں پہنچاتا اور خوش ہوتا تھا۔ نظریاتی طور پر اینٹی اسٹیبلشمنٹ عناصر ڈرتے ہیں کہ اس لڑائی میں عمران خان کی جیت ایک نئے عفریت کو جنم دے سکتی ہے، جو کہنہ بلائوں سے زیادہ خون آشام ہو سکتاہے۔شاید اب عمران خان کو خیال آتا ہو کہ سیاسی و جمہوری عناصر سے لڑائی میں انہیں نفرت کا اتنا زہر نہیں گھولنا چاہئے تھا، وہی سبق جو چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کرنے والوں نے بڑے نقصان اٹھا کر سیکھا تھا، وہی چارٹر جسے عمران خان ’مُک مُکا‘ کہاکرتے ہیں۔ آج سمجھ آ جائے یا کل، عمران خان کے پاس راستہ ایک ہی ہے، ایک جست میں یہ قصہ تمام ہو سکتا ہے۔ خان صاحب، آپ کی ایک پیاری سی تصویر چاہئے، نواز شریف اور آصف زرداری کے ساتھ چائے پیتے ہوئے، بس ایک تصویر، ورنہ جب جب آپ اینٹی اسٹیبلشمنٹ، جمہوریت اور آئین کا نعرہ لگائیں گے آپ کے چہرے پر دفعتاً داڑھی اُگ آئے گی جس میں سرخ مہندی رچی ہو گی اور مونچھیں یک سر منڈی ہوں گی۔ یہ لڑائی پیپلز پارٹی نے اکیلے لڑی تھی اور ہار گئی تھی، یہ لڑائی مسلم لیگ نون نے اکیلے لڑی تھی اور ہار گئی تھی، یہ لڑائی اگر پی ٹی آئی اکیلے لڑے گی تو سو فی صد ہار جائے گی۔

Back to top button