پاکستان نے آسٹریلیاکوپہلےون ڈے میں شکست دیدی

تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو5وکٹوں سےشکست دیدی۔

پاکستان نے 201 رنز کا ہدف 43 ویں اوور  میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 69  اور  غازی غوری 65  رنز  بنا کر نمایاں  رہے۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 28 اور عرفات منہاس نے 18 رنز بنائے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اورپاکستان کوجیت کیلئے201رنزکاہدف دیاتھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے میھتیو رن شا نے61، میتھیو شارٹ نے55 رنز بنائے۔میتھیو کوہنمین نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے  ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس  نے 32 رنز کے عوض 5  وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ ابرار احمد نے 2 جب کہ  کپتان شاہین آفریدی، سلمان آغا اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ کی سب سے بڑی خاص بات 21 سالہ نوجوان سپنر عرفات منہاس کا شاندار ڈیبیو تھا۔ انہوں نے کینگروز کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں صرف 32 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی عرفات منہاس پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اپنے پہلے ہی ون ڈے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باؤلر بن گئے ہیں۔

آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز کافی مایوس کن رہا جہاں اوپنر ایلکس کیری صرف 19 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے، جبکہ مڈل آرڈر کے دو بڑے نام مارنس لبوشین اور کیمرون گرین بغیر کوئی رن بنائے صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے صرف اوپنر میتھیو شارٹ اور مڈل آرڈر بلے باز میٹ رینشا ہی کچھ مزاحمت کرسکے۔ میتھیو شارٹ نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میٹ رینشا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز بنائے اور ٹیم کا سکور 200 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس کی 5 وکٹوں کے علاوہ ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے آج کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کرتے ہوئے اپنا 1000 واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، اور اس یادگار اور تاریخی موقع پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو اس عظیم میچ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے اس تاریخی مقابلے کے آغاز پر ایک پروقار لمحہ اس وقت دیکھنے کو آیا جب آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے اس یادگار میچ کی مناسبت سے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ایک خصوصی سووینئر پیش کیا۔

اس عظیم سنگِ میل کو عبور کرنے کے بعد پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 1000 میچز کھیلنے والی دنیا کی محض تیسری ٹیم بن گئی ہے، جو ملکی کرکٹ کے شاندار ماضی اور تسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی اور یادگار موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے، اور پوری ٹیم اس میچ کو جیت کر یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ تاریخی مقابلہ جہاں پاکستان کرکٹ کے ایک طویل اور شاندار سفر کی علامت ہے، وہی راولپنڈی میں موجود ہزاروں شائقینِ کرکٹ بھی اس یادگار لمحے کا گواہ بننے پر بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے دو جون کو لاہور میں کھیلا جائےگا۔

 

Back to top button