پیٹرول سکیم:وزیراعظم کی سہولت ڈیسک قائم کرنےکی ہدایت

وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرول سکیم کیلئےانتظامیہ اور پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری پیٹرول سبسڈی سکیم کے تحت عوام کو ریلیف کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورت حال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں۔
