پیٹرولیم ڈیلرز کا وزیراعظم کی ریلیف سکیم پرتحفظات کااظہار

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ریلیف اسکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پیٹرول دینے سے انکار کردیا۔

وائس چیئرمین پی پی ڈی اے انوار کمال نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف اسکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی، موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو براہ راست اور آسان طریقے سے ریلیف دیا جائے، ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی مہنگائی سے متاثر ہے جب کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے کے واجبات بھی زیرِ التوا ہیں۔

انوار کمال کا کہنا تھا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر ڈالنا قابلِ عمل نہیں، ڈیلرز مارجن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت کی موجودہ ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول نہیں دیں گے۔

وائس چیئرمین پی پی ڈی اے نے مزید کہا کہ سستے پیٹرول کی رقم حکومت ڈیلرز کو کیسے ادا کرے گی؟ تین دن سے حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں مگر تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔

واضح رہے کہ چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے پیٹرول پر حکومتی ریلیف پیکج سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے ہمایوں خان نے کہا کہ پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کے پیکج کا ہمیں نہیں معلوم، حکومت کی 100 روپے سبسڈی پر اب کسٹمر اور پیٹرول پمپ اونر آپس میں لڑیں گے۔

ادھر پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ کے مطابق حکومت نے سبسڈی کا اعلان کردیا مگر یہ نہیں بتایا کہ پیٹرول پمپ اونرز کو یہ پیسے کیسے واپس ملیں گے؟

واضح رہے کہ حکومت نے موٹرسائیکل اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے فی لیٹر فیول پر 100 روپے سبسڈی کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز اسلام آباد سے ہوچکا ہے۔

 

Back to top button