41 سالہ ماہرہ خان نے دوبارہ ماں بننے کا فیصلہ کیوں کیا؟

ماہرہ خان پاکستان شوبز انڈسٹری کی واحد اداکارہ ہیں جو دوسری شادی کرنے کے بعد 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے جا رہی ہیں۔ سپر سٹار ماہرہ خان نے اپنی دوسری شادی کے تقریباً تین برس بعد جلد دوبارہ ماں بننے کی خوشخبری سنا دی ہے، جس کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اداکارہ کا کہنا ہے کہ زندگی کے اس حصے میں انہیں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔

ماہرہ خان کے لیے دوسری مرتبہ ماں بننے کا یہ سفر اس لحاظ سے بھی غیر معمولی ہے کہ وہ ایک طرف پاکستان کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور دوسری جانب اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ زندگی کے ایک نئے ذاتی مرحلے کا سامنا کر رہی ہیں۔ خود ماہرہ خان کے بقول، یہ حمل ان کی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں تھا بلکہ زندگی اور اللہ کی طرف سے ملنے والی ایک ایسی خوشی ہے جس نے انہیں ایک مرتبہ پھر اپنی ترجیحات، معمولات اور زندگی کو نئے انداز سے دیکھنے پر مجبور کردیا ہے۔

ماہرہ خان نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر اپنے حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر انکے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ بعدازاں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر ایک خاتون صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے دوسری مرتبہ ماں بننے کے تجربے، اس سے جڑے جذبات اور اپنی جسمانی و ذہنی کیفیت کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ ماہرہ خان نے کہا کہ انہیں زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی کیونکہ اس وقت ان کی زندگی پہلے ہی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی۔ ان کا بیٹا اذلان بڑا ہو چکا ہے جبکہ وہ اپنے کام، معمولات، سفر اور خودمختار زندگی میں ایک مخصوص توازن قائم کرچکی تھیں۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی کے اس مرحلے کے لیے ایک خاص تصور قائم کر رکھا تھا لیکن کئی برس بعد دوبارہ ماں بننے کا سفر شروع ہونا ان کے لیے ایک حقیقی جذباتی تبدیلی ثابت ہوا۔

اداکارہ نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے بارے میں بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اس کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔ ماہرہ خان کے مطابق موجودہ صورتحال نے انہیں یہ سیکھنے میں بھی مدد دی کہ انسان کو ہر چیز اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے سامنے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہرہ خان نے پہلی مرتبہ ماں بننے کے اپنے تجربے اور موجودہ حمل کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ماں بنی تھیں تو ان کی عمر صرف 24 برس تھی جبکہ اب وہ 41 سال کی ہیں اور جذباتی اور جسمانی طور پر ایک مختلف عورت ہیں۔ ان کے مطابق 24 سال کی عمر میں انہوں نے ماں بننے کے تجربے کو ایک خاص معصومیت کے ساتھ قبول کیا تھا، صحت اچھی تھی اور وہ ان تمام مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ صورتحال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے۔ بعض دنوں میں ان کا جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے۔ ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام انجام دینے کی عادی رہی ہیں، اس لیے حمل کے دوران جسمانی تبدیلیوں کے باعث انہیں اپنے معمولات میں بھی تبدیلی لانا پڑ رہی ہے۔
ماہرہ کے مطابق دوسری مرتبہ ماں بننے کا تجربہ جذباتی اعتبار سے بھی پہلے سے مختلف ہے کیونکہ اس عمر میں انسان کے اندر زیادہ شعور اور سمجھ بوجھ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان زندگی کی نزاکت اور اہمیت کو زیادہ گہرائی سے سمجھتا ہے، زیادہ چیزوں کے بارے میں سوچتا اور بعض معاملات میں زیادہ فکرمند بھی ہوتا ہے۔

ماہرہ خان کی ازدواجی زندگی کی بات کی جائے تو ان کی پہلی شادی جولائی 2007 میں علی عسکری سے ہوئی تھی۔ مختلف انٹرویوز میں ماہرہ خان بتا چکی ہیں کہ علی عسکری سے ان کی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ امریکا میں زیر تعلیم تھیں، بعدازاں دونوں نے شادی کرلی۔ اس ازدواجی رشتے سے ان کے ہاں ایک بیٹا اذلان پیدا ہوا، جس کی پیدائش 15 ستمبر 2009 کو ہوئی۔ ماہرہ خان اور علی عسکری کی ازدواجی زندگی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور دونوں کے درمیان 2015، جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق 2016 میں قانونی طور پر طلاق ہوئی۔ ماہرہ خان نے اپنی پہلی شادی کے خاتمے پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ یہ کسی تشدد یا بدسلوکی کی وجہ سے ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ دونوں کم عمری میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ ان کی زندگیاں اور ترجیحات مختلف سمتوں میں آگے بڑھ گئیں۔

طلاق کے بعد ماہرہ خان نے اپنے بیٹے اذلان کی پرورش اور اپنے شوبز کیریئر پر توجہ مرکوز رکھی۔ انہوں نے متعدد مواقع پر سابق شوہر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ دونوں نے اختلافات کے باوجود اپنے بیٹے کی خاطر ایک باوقار تعلق برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ پہلی شادی کے خاتمے کے کئی برس بعد ماہرہ خان کی زندگی میں سلیم کریم آئے، جو ٹیکنالوجی اور کاروباری شعبے سے وابستہ پاکستانی شخصیت ہیں۔ دونوں کے تعلق کی خبریں سامنے آنے کے بعد ماہرہ خان نے بالآخر اس رشتے کو اپنی زندگی کا حصہ تسلیم کیا اور یکم اکتوبر 2023 کو مری کے قریب بھوربن میں ایک نجی تقریب کے دوران سلیم کریم سے دوسری شادی کرلی۔

دوسری شادی کے موقع پر ماہرہ خان کا بیٹا اذلان بھی ان کے ہمراہ تھا، جبکہ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد تقریب نے پاکستانی شوبز میں خاصی توجہ حاصل کی۔ یوں 2007 میں علی عسکری سے شروع ہونے والا ماہرہ خان کا پہلا ازدواجی سفر طلاق پر اختتام پذیر ہوا، جس سے ان کا ایک بیٹا اذلان ہے، جبکہ 2023 میں سلیم کریم کے ساتھ دوسری شادی کے بعد اب وہ اپنی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں۔

Back to top button