پیٹرولیم لیوی پر حکومت،جماعت اسلامی کےمذاکرات بے نتیجہ ختم

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کا چوتھا دور بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا اور کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس میں ہوا جس میں جماعت اسلامی کمیٹی کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔
جماعت اسلامی کے وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل تھے،
حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی جبکہ ٹیم میں رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے مذاکرات پنجاب ہاؤس میں ہوئے اور یہ مذاکرات کا چوتھا دور تھا۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے مہنگائی سے نجات کے لئے مسلسل جدوجہد شروع کر رکھی ہے، جماعت اسلامی نے احتجاج کا راستہ اختیار کر رکھا ہے جبکہ آئی پی پیز پر بھی حکومت کہتی رہی کہ عالمی معاہدوں کی موجودگی میں کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
