عمران خان کی ہسپتال منتقلی: پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم

پی ٹی آئی نے عمران خان کو علاج کےلیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو دو روز میں ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا،کسی صورت عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کریں گے،ہم نے ہسپتال کے باہر عدالت کو اجتماعات نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھاکہ میں نے بطور جنرل سیکرٹری عدالت کو یقین دہانی کرائی ہےکہ ہم وہاں کوئی ہلڑ بازی نہیں کریں گے،ہمیں اپنے وعدے کا پاس رکھنا ہے۔
سپریم کورٹ : عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہےکہ مزید انصاف پر مبنی فیصلے سامنے آئیں، پی ٹی آئی کے ساتھ ہونےوالے ظلم کا ازالہ انصاف پر مبنی مزید فیصلوں سے ہی ممکن ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کاکہنا تھاکہ کوئی ورکر ایسا اقدام نہیں اٹھائے جس سے عدالتی فیصلے کی توہین ہو۔
