پاکستان سپر لیگ کا عمران والا پرومو چربہ کیوں قرار پایا؟

عمران خان کی موجودگی میں وزیراعظم ہاؤس میں فلمائے جانے والے پاکستان سپر لیگ 7 کے پرومو کو سوشل میڈیا صارفین نے چربہ قرار دے دیا ہے۔
27 جنوری کو کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل 7 نے کئی روز سے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔ اس ایونٹ کے پرومو میں پی سی بی کے چیئرمین رمیض راجہ اور وزیراعظم عمران خان نے اداکاری کے جوہر دکھا کر لیگ کے نئے سیزن کو سوشل میڈیا پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ 26 جنوری کو ایونٹ کی تشہیر کے لیے ایک پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ رمیز راجہ اور وزیراعظم عمران خان بھی نظر آتے ہیں۔
اشتہار کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ رمیز راجہ نیلے رنگ کے لباس میں آہستہ آہستہ قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کے اندر داخل ہوتے نظر آتے ہیں اور اگلے منظر میں انہیں وزیراعظم عمران خان کے سامنے کھڑا دکھایا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سفید کاغذ پکڑے بیٹھے ہیں اور رمیز راجہ ان سے کہتے ہیں پی ایم، ٹائم، وزیراعظم رمیز راجہ کی طرف دیکھتے ہیں اور ان کے ساتھ چلتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کے کسی دوسرے کمرے میں پہنچ جاتے ہیں۔
اگلے سین میں وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو ساتھ کھڑے ہوئے دکھایا گیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم کہتے ہیں کہ ساتویں پی ایس ایل کو اوپن کر رہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی اور پبلک کو انٹرٹین کرے گی۔ واضح رہے پاکستان سپرلیگ کا آغاز جمعرات 27 جنوری سے کراچی میں ہو گیا ہے اور اس کا اختتام 27 فروری کو لاہور میں ہوگا۔
شعیب اختر نے انوشکا شرما کے بارے میں کیا غلط کہہ دیا؟
پی ایس ایل کا اشتہار بلاشبہ پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے منفرد ہے لیکن کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں میں دلچپسی رکھنے والے افراد کو تھوڑا ذہن پر زور ڈالنے کے بعد پتہ چل گیا ہوگا کہ اس طرح کا اشتہار شاید پہلے بھی انہوں نے کہیں دیکھا ہے، کھیلوں میں دلچپسی رکھنے والے لوگوں کو یقیناً 2012 کے لندن اولمپکس کا پروموشنل اشتہار یاد ہوگا.
اس اشتہار میں ڈینیل کریگ جو اس وقت جیمز بونڈ سیریز میں 007 کا کردار نبھا رہے تھے اور ملکہ الزبتھ کو دکھایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل یہ پرومو دراصل لندن اولمپکس کے پروموشنل اشتہار کی کاپی ہے، عمیر علوی نامی صارف نے پی ایس ایل کے اشتہار پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ رمیز راجہ جیمز بانڈ، اور وزیراعظم انگلینڈ کی ملکہ ہیں۔
ڈاکٹر فہیم احمد نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں پی ایس ایل کے اشتہار پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ تو کرلو اوریجنل کرلو کپتان، دوسری جانب کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے صارفین پی ایس ایل کے پروموشنل اشتہار کو سراہا بھی رہے ہیں۔ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے فاسٹ باولر حسن علی نے لکھا کیا لیول ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا، ہمنا نامی صارف نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان پی ایس ایل کو فروغ دے رہے ہیں میں نے سب کچھ دیکھ لیا ہے۔
