بھارت نے بگلیہار اور سلال ڈیم کے سپل ویز کھول دیے ، پاکستان کو الرٹ جاری

بھارت نے دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے پر بگلیہار اور سلال ڈیم کے سپل ویز کھول دیے ہیں، جبکہ پاکستان کو ہائی کمیشن کے ذریعے ممکنہ سیلاب کے خطرے سے مطلع کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے، جس پر بھارت نے احتیاطی طور پر ڈیمز کے دروازے کھولنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ کو بھیجے گئے رسمی مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں بھی ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں کے مقامات پر سیلابی پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کے باعث اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
بھارتی مراسلے کے موصول ہونے کے بعد وزارت آبی وسائل پاکستان نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ نشیبی علاقوں اور ممکنہ متاثرہ آبادیوں کو پیشگی خبردار کیا جا سکے۔
عہدیداران کے مطابق، دریاؤں کے کنارے واقع کچے کے علاقے اور دیگر نشیبی مقامات پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
