انسداد دہشتگردی عدالت سے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کی بھی ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، جس کے تحت شیر شاہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دے دی گئی۔

شیر شاہ کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس کا چالان اب تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، ٹرائل شروع ہونے کا کوئی عندیہ نہیں۔

ملزم کے خلاف ریکارڈ پر کوئی عینی شاہد یا ثبوت موجود نہیں۔

پولیس کی جانب سے 28 ماہ بعد اچانک گرفتاری عمل میں لائی گئی، جو انتقامی کارروائی ہے۔

ڈنڈے کی مبینہ ریکوری پلانٹڈ ہے، اور شریک ملزم کے بیان پر گرفتاری کی گئی۔

ایسے دیگر ملزمان کو بھی ضمانت دی جا چکی ہے جن پر سنگین الزامات تھے۔

گزشتہ روز شیر شاہ کے بڑے بھائی شاہ ریز خان کی بھی اسی کیس میں ضمانت منظور کی گئی تھی۔

علیمہ خان نے چند روز قبل الزام عائد کیا تھا کہ ان کے بیٹے شاہ ریز کو مسلح افراد نے اغوا کیا، تاہم بعد میں پولیس نے بتایا کہ اسے 9 مئی 2023 کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

شیر شاہ کو بھی بھائی کی عدالت پیشی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

Back to top button