بھارتی کرکٹ بورڈ کی آئی سی سی کو پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف شکایت

 بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پاکستانی کرکٹرز کے خلاف باضابطہ شکایت جمع کروا دی ہے، جس میں فاسٹ بولر حارث رؤف اور بیٹر صاحبزادہ فرحان کے مبینہ طور پر "نامناسب طرزِ عمل” پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو بھیجی گئی ای میل میں الزام عائد کیا ہے کہ ان دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں اشتعال انگیز اور غیر مہذب انداز اپنایا، جو "اسپرٹ آف دی گیم” کے منافی ہے۔

شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حارث رؤف نے بھارتی تماشائیوں کی جانب سے "کوہلی کوہلی” کے نعرے لگانے پر ردعمل دیتے ہوئے جیٹ طیارے کے کریش ہونے کا اشارہ کیا، اور ہاتھ سے "6-0” کا نشان بنایا۔صاحبزادہ فرحان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد مبینہ طور پر "گن فائر” کی طرز پر سیلیبریشن کی۔

بی سی سی آئی نے اپنی شکایت کے ساتھ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو واقعے کی ویڈیوز بھی ارسال کی ہیں، تاکہ ثبوت کے طور پر انہیں شامل کیا جا سکے۔

بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا یہ طرزِ عمل کھیل کی روح کے خلاف ہے اور اس پر فوری اور سخت ایکشن لیا جانا چاہیے۔

Back to top button