آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکومنٹری حقائق کے منافی ہے : آئی ایس پی آر

افواج پاکستان نے آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکومنٹری کو حقائق مسخ کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے کہا ہےکہ سینما طرز کی منظر کشی،جذباتی بیانیے اور منتخب انٹرویوز سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)نے نام نہاد آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکومینٹری پر ردعمل دیتےہوئے کہا ہےکہ تاریخ کو مسخ کرنے کےلیے بھارتی مواد تخلیق کاروں نے نام نہاد آپریشن سندور کی انتہائی ڈرامائی،رنگین اور حقائق کے منافی داستان تیار کی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ ناکام مہم میں شکست تسلیم کرنے کے بجائےبھارت نے تاریخ کو اپنی مرضی سے پیش کرنےکا فیصلہ کیا،نام نہاد آپریشن سندور پر بنائی گئی دستاویزی فلم میں بھارت کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ نام نہادآپریشن سندور کے نام پر تاریخ دوبارہ لکھنے کی کوشش بےنقاب ہوگئی،بھارتی ڈاکومینٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ بھارتی ڈاکومینٹری حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سنجیدگی کے فقدان کے باعث اس دستاویزی فلم کو بیک وقت المیہ اور مزاحیہ قراردیا جاسکتا ہے،دستاویزی فلم میں موجود بیانیہ بنیادی تضادات سے بھرا ہوا ہے، دستاویزی فلم نے کچھ نہ ہونے کے باوجود ایک سازشی نظریہ گھڑنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پہلگام واقعے کے مبینہ ملزمان 28 جولائی کو مارےگئے ، 7 مئی کو بھارت نے کس کو سزادی؟ 100 فیصد مشن کامیابی کا بھارتی دعویٰ آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت ناکام بنائی،پاکستان نے بھارتی جارحیت کے دوران 8 فوجی طیارے مار گرائے،آپریشن بنیان مرصوص میں 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایاگیا،فلمی مناظر طیاروں کے نقصان اور حقیقی جنگی حقائق نہیں بدل سکتے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ سینما کی منظر کشی نہ تو واقعات کی ترتیب تبدیل کرسکتی ہے، نہ طیاروں کے نقصانات مٹا سکتی ہے،سینماکی منظرکشی نہ ہلاکتوں کو چھپاسکتی ہے،نہ حقیقی فوجی جھڑپوں کو بدل سکتی ہے،سینما کی منظر کشی نہ ہی میدانِ جنگ میں شکست کو خود ساختہ فتح میں تبدیل کرسکتی ہے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ پاکستان کو معرکہ حق پر کوئی من گھڑت بیانیہ بنانے کی ضرورت نہیں،جنگی ریکارڈ،سفارتی رابطے اور بھارتی بیانات حقیقت خود بیان کرتے ہیں۔معرکۂ حق کو ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرگیا ہے، بھارت معرکہ حق میں شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
آئی ایس پی آر نےکہا ہےکہ دشمنی کا خاتمہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان اتفاق کے ذریعے ہوا،یہ امر بذاتِ خود آپریشن سندور کو یک طرفہ بھارتی فوجی فتح قراردینے کی کوشش کی نفی کرتا ہے،امریکا کی معاونت سے جنگ بندی کو غیر مشروط فتح کے طور پرپیش نہیں کیا جاسکتا۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ دستاویزی فلم کشیدگی بڑھنے کے عمل کےحوالے سے بھی اپنے ہی دعوؤں کی تردید کرتی ہے،بھارت سچائی کو منظرعام پر نہیں لایا،بھارت نے پروپیگنڈاویڈیو سے فوجی ناکامی کو کامیاب مہم کے طور پر پیش کرنےکی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہےکہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کےلیے پرعزم ہے،پاکستانی افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کےلیے مکمل تیار ہیں، آئندہ کوئی فوجی مہم جوئی ہوئی تو پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔
