دریائے سندھ : فوجی دستے حساس علاقوں میں تعینات، رینجرز کا طبی کیمپ قائم

سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

حالیہ بارشوں اور بھارت کی ممکنہ آبی جارحیت کے پیشِ نظر فوجی دستے حساس علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یہ دستے تمام ضروری ساز و سامان سے لیس ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

سندھ رینجرز، محکمہ آبپاشی کے تعمیراتی اور مرمتی کام پر مامور عملے کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے تاکہ بندوں اور پشتوں کی مضبوطی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ جاری رہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں اور پشتوں پر گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

مزید چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ ہر ممکن خطرے سے نمٹا جا سکے , کچے کے علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید یہ کہ، رینجرز نے سول انتظامیہ کے تعاون سے ایک مفت طبی کیمپ بھی قائم کیا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو بنیادی طبی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

Back to top button